بھٹکل:11؍دسمبر (ایس اؤ نیوز)تعلقہ کے ہیبلے گرام پنچایت حدود کے تینگنگنڈی روڈ پر واقع سیدنا ابوبکر مسجد کے سامنے اور رحمت آباد علاقے کے راستے کناروں پر عوام کی طرف سے کچرا پھینکنے اور ہیبلے گرام پنچایت کی طرف سے ٹھیک انتظام نہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے متعلقہ علاقہ کے عوام نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا اور مطالبہ کیا کہ وہ کچرا نکاسی کا مناسب انتظام کرے۔
علاقہ کے عوام کی قیادت کرتے ہوئے عبدالحق مُنیری نے اسسٹنٹ کمشنر کو بتایا کہ گھروں سے کچروں کی نکاسی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے لوگ سڑک کنارے کچرہ پھینکنے پر مجبور ہیں۔ سیدنا ابوبکر مسجد کے سامنے اور مین روڈ کے اطراف دیگر وارڈوں کے عوام بھی کچرا اور گندگی وغیرہ لاکر پھینک رہے ہیں جس کی وجہ سے ماحول میں گندگی پھیل رہی ہے اور گندی بو پھیلنے کےو جہ سے ماحول آلودہ ہورہاہے یہی وجہ ہے کہ اس سے عوام کی صحت پر برے اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر بھرت سے درخواست کی کہ وہ ایک مرتبہ علاقہ کا دورہ کریں اور خود حالات کا مشاہدہ کرکے مناسب کاروائی کریں۔ عبدالحق صاحب نے بتایا کہ کچروں کی نکاسی اور اس کے انتظام کے لئے اس سے قبل ہیبلے گرام پنچایت افسران کو کئی مرتبہ کارروائی کےلئے درخواست دی جاچکی ہیں ، مگر ابھی تک افسران کی طرف سے کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔
عبدالحق نے بتایا کہ علاقے میں مسجد کےعلاوہ 5-6 اسکول ہیں، رہائشی مکانات ہیں، جہاں بچے ، بوڑھے اور مریض بھی رہتے ہیں، ماحول کی آلودگی سے ان سب کی صحت متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ صحت مند عوام بھی بیمار پڑنے کا خدشہ ہے۔ اسکول آنےجانے والے بچے خطرناک بیمار یوں میں مبتلا ہوسکتےہیں۔ ایک ایسے وقت جب کورونا وباء دوبارہ سر اٹھانے کے درپےہے کچرا نکاسی کا مناسب انتظام نہ ہونا افسوس کی بات ہے۔
عوام کی طرف سے میمورنڈم وصول کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے بتایا کہابھی گرام پنچایت انتخابات کی وجہ سے انتخابی ضابطہ اخلاق لاگو ہے، انتخابات کے بعد وہ کچروں کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس موقع پر عبدالسمیع کولا، مولوی رحمت اللہ ندوی، اسلم ولکوی، طلحہ سدی باپا، نعیم طاہر باپو سمیت کافی دیگر ذمہ داران موجود تھے۔